دنیا کے 5ایٹمی طاقت کے حامل ممالک کی ملاقات

   

ماسکو : روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ نیوکلیر ہتھیار رکھنے والے 5 ممالک کا ایک گروپ 2 ہفتوں میں نیویارک میں ملاقات کرنے والا ہے۔ میڈیا کے مطابق یہ گروپ روس، امریکہ، چین، فرانس اور برطانیہ پر مشتمل ہے جو نہ صرف نیوکلیر ہتھیاروں سے لیس ریاستیں ہیں بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن بھی ہیں۔ سرگئی ریابکوف نے اپنے بیان میں ملاقات کی کسی مخصوص تاریخ کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی بتایا کہ اس میں کس سطح کے حکام شرکت کریں گے۔ یہ ملاقات اس لیے اہم سمجھی جاتی ہے کیوں کہ یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے روس اور مغرب کے درمیان نیوکلیر کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے گزشتہ ماہ روس کے نیوکلیر اصول میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماسکو ایسے منظرناموں کی فہرست میں توسیع کر رہا ہے جو اسے نیوکلیر ہتھیار چلانے پر غور کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ جنوری 2022 ء میں یوکرین میں روسی فوج بھیجے جانے سے قبل نیوکلیر گروپ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا کہ وہ نیوکلیر طاقتوں کے درمیان جنگ سے گریز اور اسٹریٹجک خطرات میں کمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔ انہوں نے آس وقت کہا تھا کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ نیوکلیر جنگ نہیں جیتی جا سکتی اور اسے کبھی نہیں لڑنا چاہیے۔