دوباک میں چیف منسٹر نے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کی الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت

   

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے دوباک ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر کو مکتوب میں کہا کہ چیف منسٹر نے دوباک میں رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کیلئے چالاکی کے ساتھ متصل اضلاع میں دو عام جلسوں سے خطاب کیا ۔ سدی پیٹ سے متصل دوباک کے رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کے لئے میڑچل اور جنگاؤں میں چیف منسٹر نے عام جلسوں میں شرکت کی ۔ ان جلسوں کا مقصد دوباک کے رائے دہندوں پر اثر انداز ہونا ہے ۔ میڑچل میں 29 اکتوبر کو دھرانی پورٹل کے افتتاح اور 31 اکتوبر کو جنگاؤں میں رعیتو ویدیکا کے آغاز کیلئے جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر نے سادہ بیعنامہ کے ذریعہ اراضیات کے رجسٹریشن کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا۔ کانگریس نے شکایت کی ہے کہ چیف منسٹر نے سرکاری پلیٹ فارم کو اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کیلئے نہ صرف استعمال کیا بلکہ دوباک میں ٹی آر ایس کی کامیابی کا اعلان کیا۔