دوباک کی انتخابی مہم سے دوری اختیار کرنے وزراء کو چیلنج

   

کانگریس قائدین کی جبراً ٹی آر ایس میں شمولیت، پونم پربھاکر کا الزام
حیدرآباد: پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے ٹی آر ایس وزراء کو چیلنج کیا کہ اگر دوباک میں کامیابی کا یقین ہے تو وہ انتخابی مہم سے دور ہوجائیں تاکہ عوام آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کرسکے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ وزیر فینانس ہریش راؤ گزشتہ ایک ماہ سے دوباک میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ مختلف مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید کے حق میں عوام سے حلف لیا جارہا ہے پونم پربھاکر نے کہا کہ ایک طرف ٹی آر ایس کارکردگی کی بنیاد پر دوباک میں کامیابی کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف انتخابی مہم میں عوام کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ برسر اقتدار پارٹی کی تائید کریں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوباک میں کانگریس کارکنوں اور قائدین کو ٹی آر ایس میں شمولیت کی مہم چلائی جارہی ہے۔ پونم پربھاکر نے سوال کیا کہ اگر کارکردگی پر کامیابی کا یقین ہو تو پھر دیگر پارٹیوں کے قائدین کو خریدنے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ سابق میں نارائن کھیڑ حلقہ میں عوام سے اسی طرح کے وعدے کئے گئے تھے لیکن آج تک تکمیل نہیں ہوئے ۔ پونم پربھاکر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کانگریس کو کامیاب کریں۔ اگر ٹی آر ایس کامیاب ہوتی ہے تو وعدوںکی تکمیل کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں گزشتہ 6 برسوں سے ترقیاتی کام ٹھپ ہوچکے ہیں اور کانگریس پارٹی انہیں مکمل کرسکتی ہے۔