سابق صدر نشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم کی جانب سے تربیتی اجتماع کا انعقاد ۔ علماء کرام ‘ عمائدین و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔2۔مئی۔ (سیاست نیوز) حج بیت اللہ کیلئے جانے والے اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور انہیں سفر حج میں اللہ کے حضور دعاؤں میں وقت گذار نا چاہئے ۔ دنیا بھر میں مشکل حالات کا سامنا کررہے ممالک میں تبدیلی کیلئے دعاء کریںتاکہ ان ممالک میں حالات بہتر ہوسکیں۔ ہندستان کے علاوہ فلسطین ‘ لیبیا‘ افغانستان‘ و دیگر ممالک مختلف مسائل کا شکار ہیں ان کے نظام میں بہتری کیلئے حجاج اکرام دعائیں کریں تاکہ اللہ ان کی دعاؤں کو قبول کرے۔ حج تربیتی اجتماع سے خطاب میں علماء دین اور عمائدین ملت نے عازمین کو یہ مشورہ دیا۔ سابق صدرنشین حج کمیٹی و وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم کی جانب سے منعقدہ حج تربیتی کیمپ سے خطاب میں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اپنے اور افراد خاندان کے علاوہ امت مسلمہ کو بھی دعاؤں میں شامل رکھیں ۔ اجتماع سے مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم‘ مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی‘ مولانا حافظ و قاری احسن بن عبدالرحمن الحمومی ‘ مولانا حامد محمد خان‘ امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ و جناب عبدالواحد سعودی ائیر لائنس ‘ جناب عرفان شریف اسسٹنٹ سیکریٹری حج کمیٹی نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج میں واجبات کا خصوصی خیال رکھیں اور عبادات میں مشغول رہیں ۔ مولانا احسن بن عبدالرحمن الحمومی خطیب و امام شاہی مسجد نے کہا کہ حجاج اکرام درست طریقہ سے حج کی سعادت حاصل کریں۔ حج کے دوران واجبات کا خیال رکھنے کے علاوہ ان واجبات کو پورا کرنے پر توجہ مرکوز کریں ۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ ثانی نے کہا کہ اللہ منتخب بندوں کو حج بیت اللہ کیلئے بلاتے ہیں اور وہ انتہائی خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے مہمان بننے جا رہے ہیں۔ انہو ں نے عازمین کو مناسک حج کی ادائیگی میں خشوع و خضوع کی برقراری پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ایام حج میں اپنے پسندیدہ شہر میں بلایا ہے اسی لئے بندوں کو اپنے رب کا شکر ادا کرنا چاہئے ۔ مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی نے شہر مدینہ طیبہ کی عظمت اور اس کا مقام کے عنوان پر خطاب میں کہا کہ نبی اکرمﷺ کے شہر کی عظمت احادیث پاک میں آئی ہے اور اصحاب رسولﷺ نے شہر مدینہ میں آواز کو بلند نہ کرنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ پاک کی فضائوں میں بھی اللہ رب العزت نے شفاء رکھی ہے ۔ انہوں عازمین کو تاکید کی کہ وہ شہر مدینہ کی عظمت کا خیال رکھیں اور آوازوں کو بلند کرنے سے گریز کریں ۔ مولانا محمد ضیاء الدین نقشبندی صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے کہا کہ حجاج اکرام جب مدینہ پاک سے لوٹیں تو اس طرح لوٹیں کہ ان کے اخلاق و کردار کو دیکھتے ہوئے لوگوں کو اندازہ ہو کہ نبی ﷺ کے تربیت یافتہ صحابہ جب دعوت دین کیلئے نکلتے تو کس طرح کے اخلاق کا پیکر ہوا کرتے تھے۔ جناب الحاج محمد سلیم نے کہا کہ حجاج کی خدمت اور تربیتی اجتماع کے انعقاد کا انہیں کئی مرتبہ موقع ملا ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کے شکرگذار ہیں ۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سفر میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور اوسان پر قابو رکھ کر فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کو دعا مانگنے والے بندے پسند ہیں اسی لئے حج کے دوران زیادہ دعائیں مانگی جائیں اور جہاں تک ممکن ہوسکے حالت سجدہ میں دعاء مانگیں۔ مولانا مفتی صاد محی الدین فہیم نے عازمین حج کے سوالات کے جواب دیئے ۔ جناب حامد محمد خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عبادت کیلئے بندوں کو منتخب کرتے ہیں اس بات کا یہ ثبوت ہے کہ لوگ کروڑہا روپئے اور بادشاہت رکھ کر بھی حج نہیں کرپاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سفر حج کے بعد زندگیوں میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔جناب عرفان شریف اور جناب عبدالواحد نے سفری امور کے متعلق واقف کروایا ۔3