حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) دھرانی پورٹل میں موجود نقائص کو دور کرنے کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے ابتدائی معلومات اور شکایات کا جائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ دھرانی پورٹل کے متعلق مرحلہ وار انداز میں حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ مسٹر کودنڈا ریڈی ‘ مسٹر سنیل کمار ایڈوکیٹ ‘مسٹر وی لچی ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کمیٹی کو تفویض کی گئی ذمہ داری کمیٹی پوری طرح سے انجام دے گی اور دھرانی پورٹل کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات مختلف ہیں اسی لئے ان کا جائزہ لینے میں وقت درکار ہوگا اسی لئے حکومت کو جو رپورٹ پیش کی جائے گی وہ مرحلہ وار انداز میں کی جائے گی لیکن پورٹل کے نقائص کی جانچ کو باریکی سے انجام دیا جائے گا۔ مسٹر کودنڈا ریڈی نے کہا کہ کمیٹی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ ویزٹ کا بھی اہتمام کیا جائے گا اور عوام بالخصوص کسانو ںکو درپیش مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں ان کی بھی نمائندگیاں اور تجاویز وصول کی جائیں گی۔3
حکومت کی جانب سے دھرانی کے نقائص کا جائزہ لینے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 17 جنوری کو منعقد ہوگا اور اس اجلاس کے دوران سی سی ایل اے کو وصول ہونے والی شکایات کے متعلق معلومات حاصل کی جائیں گی۔3