دھونی نے چینائی کی قیادت چھوڑدی ، جڈیجہ نئے کپتان

   

ممبئی۔ دفاعی چمپئن چینائی سوپر کنگز (سی ایس کے) نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ مشہور وکٹ کیپر اور کامیاب ترین کپتانوں میں ایک مہندر سنگھ دھونی نے آئی پی ایل 2022 کے آغاز سے قبل ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی ہے۔دھونی کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپن آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے۔ فرنچائز کے ایک بیان میں کہا گیا ایم ایس دھونی نے چینائی سوپرکنگز کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا ہے اور رویندر جڈیجہ کو ٹیم کی قیادت کے لیے منتخب کیا ہے۔ جڈیجہ جو 2012 سے چینائی سوپرکنگز کا اٹوٹ حصہ رہے ہیں وہ ٹیم کی قیادت کرنے والے صرف تیسرے کھلاڑی ہوں گے۔ دھونی اس سیزن اور اس کے بعد بھی چینائی سوپرکنگزکی نمائندگی کرتے رہیں گے۔دھونی جو 2008 میں لیگ کے آغاز سے ہی ٹیم کے کپتان تھے، اگست 2020 میں پہلے ہی بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہو چکے تھے۔ ان کی کپتانی میں چینائی سوپر کنگس نے 2010، 2011، 2018 اور 2021 میں آئی پی ایل ٹرافی جیتنے کے علاوہ 2010 اور 2014 میں چمپیئنز لیگ ٹی20 خطابات بھی جیتے ہیں۔ رواں سیزن چینائی چینائی سوپر کنگس ہفتہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 2021 کے آئی پی ایل فائنل کے دوبارہ میچ میں دو مرتبہکے آئی پی ایل چمپئن کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔