دھونی کپتانی چھوڑنے پر غور کر رہے تھے : فلیمنگ

   

ممبئی: چینائی سوپر کنگز کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے کہا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی گزشتہ سیزن سے ہی کپتانی کی ذمہ داری کسی اور کودینے پر غور کر رہے تھے اور دھونی نے اس بارے میں ان سے بات بھی کی تھی۔ اس سیزن کے آغاز سے قبل کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ ان کا ہی تھا اور ٹیم اس کا احترام کرتی ہے ۔ کوچ نے کہا کہ ہم نے اس بارے میں گزشتہ سیزن میں ہی بات کی تھی۔ وہ نئے کپتان رویندر جڈیجہ کو پورا وقت اور موقع دینا چاہتے تھے ۔ اس کے بارے میں ہم نے پہلے ٹیم کے مالک این سرینواسن کو بتایا اور پھر پوری ٹیم کو بتایا گیا۔ ہم ان کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہیں۔کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف دھونی کی کارکردگی پر فلیمنگ نے کہاکہ دھونی کا رن بنانا ہمیشہ اہم ہوتا ہے ، لیکن اگر ٹاپ آرڈر اچھا کرتا توبہترہوتا۔ ہماری بلے بازی میں گہرائی ہے جو اچھی بات ہے ۔ ہمیں اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
شکست کے آغاز پر فلیمنگ نے کہا کہ یہ شکست ہمیں متحرک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں بھی ہم نے ہارسے شروعات کی تھی لیکن پھر ہم نے ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ یہ شکست بھی ہمیں آگے بہتر کرنے کی ترغیب دے گی۔