دہلی میں تعلیمی ادارے 20 نومبر تک بند رہیں گے

   

نئی دہلی:دہلی میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیے گئے فیصلوں کی صدفیصد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ ماحولیات نے ایک تفصیلی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بشمول اسکول، کالج، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ وغیرہ بند رہیں گے ۔ اور تمام تعمیراتی سرگرمیاں، چھوٹی اور بڑی، 17 نومبر تک بند رہیں گی۔وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ دہلی میں اسکول، کالج، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ سمیت تمام تعلیمی ادارے 20 نومبر تک بند رہیں گے اور تمام چھوڑی بڑی تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیاں17 نومبر تک بند رہیں گی۔ اسی کے ساتھ دہلی حکومت کے ماتحت تمام دفاتر، کارپوریشن اور خود مختار ادارے بھی 17 نومبر تک بند رہیں گے ، افسران اور ملازمین گھر سے کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران صحت، پولیس، بجلی، پانی، پبلک ٹرانسپورٹ سمیت تمام ہنگامی اور ضروری خدمات جاری رہیں گی۔ نجی اداروں کو گھر سے کام کرنے کی ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے تاکہ آلودگی کے خلاف جنگ کو مزید مضبوطی سے لڑا جا سکے ۔ تمام ا سکول، سرکاری دفاتر اور تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا مقصد گاڑیوں اور گردوغبار سے ہونے والی آلودگی کو روکنا ہے ۔مسٹر رائے نے محکمہ ماحولیات کی طرف سے جاری حکم کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا کہ دہلی کے اندر بڑھتی ہوئی آلودگی کی بابت دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں کل وزراء اور عہدیداروں کی مشترکہ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں دہلی کے اندر آلودگی کو کنٹرول کرنے پر بات چیت ہوئی۔