دہلی میں پانی کا بحران مزید سنگین ہونے کے خدشات

   

نئی دہلی۔ دہلی میں پانی کا بحران بڑھتی گرمی کے درمیان سنگین ہوتا جا رہا ہے اور یمنا میں پانی کے کم بہاؤ کی وجہ سے وزیرآباد تالاب میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ حکام نے یہ جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے ایک ہفتے میں دوسری بار ہریانہ کے محکمہ آبپاشی کو خط لکھ کر یمنا میں اضافی پانی چھوڑنے کو کہا ہے تاکہ دارالحکومت میں پانی کی سربراہی میں خلل نہ پڑے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ وزیرآباد بیراج پر پانی کی سطح چہارشنبہ کی صبح 672.30 فٹ کی خطرناک سطح پر گرگئی جب کہ معمول کی سطح 674.5 فٹ تھی۔ہریانہ دہلی کو دو نہروں کے ذریعے 61 ملین گیلن پانی فراہم کرتا ہے کیریئر لائنڈ چینل (سی ایل سی ) اور دہلی سب برانچ (ڈی ایس بی ) سے آبی سربراہی ہوتی ہے ۔ ہتھینی کنڈ سے سی ایل سی اور ڈی ایس بی کو مونک کینال اور بھاکڑا بیاس مینجمنٹ بورڈ کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ دہلی کو یومیہ 253 ملین گیلن پانی اتر پردیش سے اپر گنگا نہر کے ذریعے ملتا ہے۔ ان کے علاوہ 90 ملین گیلن پانی دارالحکومت کے کنوؤں اور ذخائر سے آتا ہے۔ایک اور اہلکار نے بتایا کہ وزیرآباد کے تالاب میں پانی کی سطح کم ہونے اور سی ایل سی میں کم بہاؤ کی وجہ سے چندروال، وزیرآباد، حیدر پور، نانگلوئی اور دوارکا سمیت متعدد واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی سربراہی کی صلاحیت کم ہوگئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، دہلی کو 2021 میں 1,380 ایم جی ڈی پانی کی ضرورت تھی جبکہ دہلی جل بورڈ صرف 950 ایم جی ڈی پانی فراہم کر سکا۔ محکمہ موسمیات نے مئی کے مہینے میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔