دہلی کے تاجر کا قتل، ملزم ایک سال بعد گرفتار

   

نئی دہلی، 11 ستمبر (یواین آئی) دہلی پولس کی کرائم برانچ نے دارالحکومت کی بھلسوا ڈیری میں گزشتہ سال کاروباری دشمنی کی وجہ سے فائرنگ اور قتل کے معاملے میں مفرور ملزم وکیل ملک کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم1) سنجیو کمار یادو نے جمعرات کو کہا کہ ملزم تقریباً ایک سال سے مفرور تھا اور عدالت نے اسے مجرم قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ 15 اکتوبر 2024 کو بھلسوا ڈیری علاقے میں فائرنگ سے نوشاد (19) اور آصف (29) زخمی ہوئے تھے ۔ علاج کے دوران نوشاد کی موت ہو گئی۔ مقدمے میں نامزد ملزمان شکیل اور شہزادہ پہلے ہی گرفتار ہو چکے تھے تاہم وکیل ملک پولیس کی گرفت سے باہر تھے ۔ کرائم برانچ کے انسداد اغوا اور بھتہ خوری کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) راجیو کمار کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ملزم بلبھ گڑھ میٹرو اسٹیشن کے قریب آنے والا ہے ۔ اس کے بعد انسپکٹر امیت سولنکی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے 9-10 ستمبر کی درمیانی شب علاقے میں جال بچھا کر ملزمان کا پیچھا کر کے پکڑ لیا۔