دہلی کے لوگوں کا پانی کا بقایہ بل معاف: کجریوال

   

آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعلیٰ دہلی کا رائے دہندگان کو لبھانے کا فیصلہ
نئی دہلی۔ 27 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ برس شروع ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعلی اروند کجریوال نے رائے دہندگان کو لبھا نے کیلئے منگل کو ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے راجدھانی کے پانی کے صارفین کا بقایہ بل معاف کرنے کا اعلان کیا۔ کجریوال نے حال ہی میں ماہانہ200یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ خواتین کو دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) اور میٹرو ٹرین سروس میں مفت سفر کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔وزیراعلی نے یہاں پریس کانفرنس میں پانی کے بلوں کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پانی بل سے بقایہ رقم ہٹا دی گئی اور ایسے صارفین جن کے گھر میں میٹر چالو ہے ، ان تمام کو اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔بقایہ رقم معاف کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کجریوال نے کہاکہ بقایہ رقم بہت زیادہ ہوگئی تھی۔ پانی صارفین کو بل نظام کے تعلق سے بھی شکایت تھی۔ نئے نظام میں پانچ سات سال پرانے بل بھی لگے نظر آئے اور یہ غلطی حکومت اور عوام دونوں کی ہوسکتی ہے ۔کجریوال نے کہاکہ حکومت نئی اسکیم کی شروعات کررہی ہے ۔ اس کے تحت جن کے گھر وں میں پانی میٹر چالو حالت میں ہے ان کو یہ فائدہ ملے گا۔ یہ اسکیم 30نومبر تک نافذ رہے گی۔پانی بل معافی کی تفصیلات دیتے ہوئے کجریوال نے بتایا کہ ای ایف جی اور ایچ زمرہ کے 1769981صارفین کی 31فیصد تک اصل رقم معاف کی جائیگی۔ اے اور بی زمرہ کے صارفین کی لیٹ فیس صد فیصد اور 25فیصد اصل رقم معاف ہوگی۔ سی زمرہ کے صارفین کی دیرانہ فیس 100فیصد اور اصل رقم کا پچاس فیصد معاف کیا جائے گا جبکہ ڈی زمرہ میں لیٹ فیس صد فیصد اور اصل رقم کا 75فیصد معاف ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پانی کے بلوں کی اصل رقم کل ملاکر چار ہزار کروڑ روپے بقایہ ہے ۔ ان میں سے ڈھائی ہزار کروڑ روپے گھریلو اور ڈیڑھ ہزار کروڑ روپے پیشہ وارانہ صارفین کے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ تمام صارفین کو خود خط لکھ کر اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی کریں گے ۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ دہلی جل بورڈ کو اس اسکیم سے 600کروڑ روپئے حاصل ہوں گے ۔وزیراعلی نے کہاکہ ان کی حکومت کے دور اقتدار کے دوران راجدھانی میں پانی کی سپلائی میں کافی بہتری آئی ہے۔