دیش اور دستور کی کانگریس پارٹی محافظ : عثمان محمد خان

   

علماء ، مشائخین اور مساجد کے امام جمعہ کے خطبہ میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد عثمان محمد خاں نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات ملک کا مستقبل طئے کریں گے ۔ یہ الیکشن دیش اور دستور بچانے کا الیکشن ہے لہذا مسلمان نہ صرف اپنے ووٹوں کے تناسب میں اضافہ کریں بلکہ فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک عزائم کا خاتمہ کرنے کے لیے سیکولر جماعت کانگریس کو ووٹ دیں ۔ عثمان محمد خاں نے علماء ، مشائخین اور مساجد کے اماموں سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبہ میں ووٹ کی اہمیت کے تعلق سے مسلمانوں میں شعور بیدار کریں ۔ کانگریس کے قائد نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد موجودہ لوک سبھا کے انتخابات کافی اہمیت کے حامل ہیں ۔ ان انتخابات میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔ تھوڑی سی غفلت اور لاپرواہی مستقبل کو تباہ و برباد کرسکتی ہے۔ لہذا بعد میں ہاتھ ملنے کے بجائے مسلمان اپنے گھروں سے نکلیں مرکز رائے دہی پہونچکر حق رائے دہی سے بھر پور استفادہ کریں ۔ عثمان محمد خاں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ کررہی ہے ۔ کانگریس پارٹی ہی فرقہ پرستوں کو دھول چٹا سکتی ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے راہول گاندھی کو طاقت عطا کریں ۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھا گیا ہے ۔ 5 گیارنٹی پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس جیسی علاقائی جماعتوں پر ہرگز بھروسہ نہیں کیا جاسکتا وہ کبھی بھی بی جے پی کی گود میں بیٹھ سکتی ہے ۔ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔۔ 2