دینی ماحول میں بچوں کی پرورش ‘ وقت کا اہم ترین تقاضہ

   


سداسیو پیٹ میں جلسہ، حفاظ کرام کی دستار بندی، مولانا جعفر پاشاہ، حافظ پیر شبیر احمد اور دیگر کاخطاب

سداسواپیٹ : اللہ تعالی نے قرآن مجید کو قیامت تک کیلئے ہدایت کا راستہ بنایا ہے۔قرآن مجید مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔آج ساری دنیا میں کروڑوں حفاظ کرام کے دلوں میں قرآن مجید محفوظ ہے۔ان خیالات کا اظہار اپنے صدارتی خطاب میں مولانا جعفر پاشاہ حسامی (حیدرآباد) نے کیا۔سدا سیواپیٹ مدرسہ عربیہ عثمانیہ کے زیر اہتمام مسجد ھانیہ کے احاطے میں جلسہ عظمت قرآن و تحفظ ختم نبوت منعقد کیا گیا جس میں مدرسہ سے فارغ 10حفاظ کرام کی دستار بندی اور انہیں سند پیش کی گئی۔ مولانا جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج نئی نسل کو جہنم کی آگ سے بچانے کے لئے دینی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔دنیا وآخرت کی سرفرازی قرآن و احادیث پر عمل پیرا ہونے سے ملتی ہے۔ مولانا نے کہا کہ مسلم معاشرہ کے چھوٹے چھوٹے بچوں کے ذہنوں میں ٹی وی اور فون کے ذریعہ دشمنان اسلام اپنی بات پہنچا رہے ہیں، اس لئے آج والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی پرورش دینی ماحول میں کریں۔اس جلسہ میں مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیت العلماء تلنگانہ و آندھرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں قرآن مجید کو مٹانے کیلئے کئی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں لیکن اللہ تعالیٰ قیامت تک قرآن مجید کو قائم رکھے گا۔دینی مدارس اسلام کی حفاظت کے قلعے ہیں۔حفاظ کرام قیامت کے دن دس ایسے افراد خاندان کو جنت میں لے جا سکیں گے جن پر دوزخ واجب ہو چکی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے وقت ہندوستانی علماء کرام نے اپنی جانوں کو قربان کرتے ہوئے ملک و آزاد کروایا۔ مسلمانوں کو مسجد سے دور کرنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔جلسہ کا آغاز مولانا علیم الدین امام و خطیب مسجد عمر فاروق کے قرأت کلام پاک سے ہوا،اور نعتیہ نذرانہ محمد سلمان سلطان پوری نے پیش کیا۔نظامت کے فرائض مفتی عبدالغفار بیدار نے انجام دیئے۔ جلسہ کی نگرانی الحاج محمد صدیق نے کی۔ جلسہ میں مولانا مصدق قاسمی ، مولانا عبدالرحمن قاسمی، حافظ محمد شفیع الدین ، مولانا حشمت ، حافظ محمد تنویر ، محمد ماجد پاشاہ کے علاوہ حفاظ کرام، علماء کرام ، طلبہ اور اولیائے طلبہ نے شرکت کی۔