دیورکدرہ میں موسم گرما میں شدت

   

دیورکدرہ /27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی دیورکدرہ میں روز بروز گرما کی شدت میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ اور عوام گرما کی شدت سے محفوظ رہنے کیلئے گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ماہ رمضان المبارک میں روزہ داروں میں بشمول معصوم بچے اور ضعیف افراد نے کولر اور مساجد میں لگائے گئے اے سی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔ دن کے اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک کم ہی نظر آرہی ہے ۔ خاص کر دیورکدرہ کے پرانے بس اسٹانڈ نیا بس اسٹانڈ بریج روڈ اور چوک پر ہمیشہ عوام کی کثیر تعداد نظر آتی تھی لیکن شدید گرما کی وجہ سے یہ علاقے بالکل سنسان نظر آرہے ہیں ۔ دوپہر کے وقت مریض بوڑھے حضرات بچے اور خواتین کافی پریشان نظر آرہے ہیں ۔ گرمی کی شدت کی وجہ سے مختلف مشروبات فروخت کرنے والے تاجرین کے کاروبار میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ سرپنچ کے اختیارات ختم ہونے کے بعد ٹاون میں پینے کے پانی کی سربراہی میں بے تحاشہ بے قاعدگی کے سبب پانی کے فروخت میں بھی کافی اضافہ ہوچکا ہے ۔
بچکنڈہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت
بچکنڈہ /27 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر بچکنڈہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ۔ عوام میں تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب بچکنڈہ میں مشن بھگیرتا کے تحت پانی سربراہ کیا جاتا ہے ۔ لیکن گذشتہ 6 دن سے پینے کے پانی کی عدم سربراہی سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ پائپ لائن کی درستگی کے کاموں کو مکمل کیا جارہا ہے۔ پانی کی سربراہی کے مرمتی کاموں کو سست روی کا شکار بنایا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں ۔ رمضان کے پیش نظر روزہ داروں کو درو دراز سے پانی لانے میں کافی مشکلات محسوس کی جارہی ہے۔ دوسری طرف گرما کے پیش نظر پانی کی قلت سے گہما گھمی کا شکار ہو رہے ہیں۔ کیونکہ پانی روز مرہ کی اشد ضرورت ہے ۔ عوام عہدیداروں سے مطالبہ کر رہے ہیں ۔ پانی کی سربراہی میں کوتاہی نہ برتیں عوام کو کسی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پانی کی قلت کی کوئی شکایت کا موقع نہ دیں ۔