راجستھان کے وزیر اعلیٰ کو جان سے مارنے کی دھمکی سنٹرل جیل سے کال۔3 ملزم گرفتار

   

جے پور : راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما کو کل جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ پولیس نے فوری طور پر کیس کی تفتیش شروع کر دی اور ملزم کی لوکیشن ٹریس کر لی۔ معلومات کے مطابق چیف منسٹر شرما کو جے پور سنٹرل جیل سے دھمکی ملی ہے۔ مزید تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ دھمکی کال سنٹرل جیل کے اندر بچوں کے تحفظ کے جنسی جرائم (POCSO) ایکٹ کے تحت سزا کاٹ رہے ایک قیدی نے کی تھی۔ پولیس اس معاملے میں تفتیش کر رہی ہے۔ کل صبح پولیس کنٹرول روم میں ایک موبائل نمبر سے کال موصول ہوئی اور فون کرنے والے نے چیف منسٹرٰ کو گولی مارنے کی دھمکی دی۔بعد میں موبائل بند کر دیا گیا۔یہ اطلاع فوری طور پر اعلیٰ حکام کو دی گئی۔ کمشنر بیجو جارج جوزف نے بتایا کہ ہمیں معلوم ہوا کہ جیل سے کال آئی ہے۔ دوپہر 12 بجے کے قریب پولیس فراڈ کے ایک مقدمے میں قید قیدی کے پاس پہنچی۔ قیدی نے بتایا کہ POCSO کیس میں گرفتار قیدی نے اسے فون کرکے اس کا موبائل طلب کیا تھا۔ دونوں قیدیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔جیل انتظامیہ نے بدھ کی رات دیر گئے ہیڈ وارڈن اجے سنگھ راٹھوڑ اور وارڈن منیش کمار یادو کو معطل کر دیا۔