راہول گاندھی کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے : جی کشن ریڈی

   

بی جے پی 400 پارلیمانی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی، مودی تیسری مرتبہ وزیراعظم کا حلف لیں گے

حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ جب تک ریونت ریڈی چیف منسٹر ہے راہول گاندھی ملک کے وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ بی جے پی 400 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے تیسری مرتبہ مرکز میں حکومت تشکیل دے گی اور نریندر مودی ہیٹ ٹرک وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ کشن ریڈی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے 6 ضمانتوں کا اعلان کیا۔ ان ضمانتوں پر عمل کرنے میں ناکام ہوگئی۔ دوبارہ لوک سبھا انتخابات میں عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے تکوگوڑہ میں جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی عوام کو یہ پیغام دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ راہول گاندھی وزیراعظم بننے پر ہی 6 گیارنٹی پر عمل آوری ہوگی مگر یہ حقیقت ہے جب تک ریونت ریڈی چیف منسٹر ہے۔ راہول گاندھی وزیراعظم نہیں بن سکتے لوک سبھا انتخابات کے بعد راہول گاندھی ہندوستان میں رہیں گے یا بیرونی ممالک کو چلے جائیں گے یہ بھی نہیں کہہ سکتے کیونکہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کا 40 حلقوں میں بھی کامیابی حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے ہر طرف مودی کی لہر چل رہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل کسان، خواتین، نوجوان، بی سی، اقلیتی، ایس سی، ایس ٹی ڈیکلریشن کا اعلان کیا اور اب قومی سطح پر اس طرح کے وعدے کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کرناٹک اور تلنگانہ کی دھوکہ دہی کے بعد کانگریس پارٹی کا قومی سطح پر پردہ فاش ہوگیا ہے جو وعدے کئے جارہے ہیں ان پر عمل نہ ہونے سے دونوں ریاستوں کے عوام کانگریس سے سخت ناراض ہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کو سبق سکھانے کی تیاری کی جارہی ہے۔2