فیروز خاں نے یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا، شاندار خیرمقدم کی تیاریاں
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے پرانے شہر میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کانگریس لیڈر اور حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے انچارج محمد فیروز خاں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ راہول گاندھی 31 اکٹوبر کو شمس آباد سے یاترا کا آغاز کریں گے جو پرانے شہر کے مختلف علاقوں سے گذرے گی۔ فیروز خاں نے پرانا پل تا چارمینار اور نامپلی تک یاترا کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ یاترا کے راستہ پر استقبال کے شایان شان انتظامات کریں۔ راہول گاندھی کے خیرمقدم کیلئے ہورڈنگس، بیانرس اور پوسٹرس نصب کئے جائیں۔ فیروز خاں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کیلئے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس یاترا کا جگہ جگہ شاندار استقبال کیا جارہا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں عوام یاترا سے جُڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس راہول گاندھی کی یاترا سے پریشان ہیں۔ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی یاترا سے کانگریس مستحکم ہوگی اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کا صفایا ہوجائے گا جبکہ کانگریس پارٹی برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں تمام طبقات کی جانب سے راہول گاندھی کا شاندار استقبال ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب راہول گاندھی پرانے شہر کے علاقوں میں پدیاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کریں گے۔ یاترا نامپلی سے گذر کر نیکلس روڈ پہنچے گی جہاں مجسمہ اندرا گاندھی کے پاس راہول گاندھی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ر