رسول اللہؐ کا مکتوب اقدس بنام ہرقل کو حضرت دحیہ کلبیؓ نے دربار روم میں پہنچایا

   


آئی ہرک کا ’’تاریخ اسلام اجلاس،ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے لکچرس

حیدرآباد ۔ کتب سیرت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا مکتوب اقدس بنام ہرقل اس طرح ملتا ہے ’’بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ محمد رسول اللہؐ کی طرف سے ہرقل کی جانب جو روم کا عظیم (شخص) ہے۔ سلام ہو اس پر جو راہ راست کی پیروی کرے۔ اما بعد! میں تم کو اسلام کے کلمہ کی دعوت دیتا ہوں۔ مسلمان ہو جائو سلامت رہو گے اور اللہ تعالیٰ تم کو دہرا اجر دے گا لیکن اگر تم نے روگردانی کی تو تمہاری تمام جاہل رعایا کا گناہ تم پر ہوگا۔اے اہل کتاب! ایسی انصاف والی بات کی طرف آئو جو ہم میں اور تم میں برابر ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں نہ اس کے ساتھ کسی کو شریک بنائیں نہ اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر آپس میں ایک دوسرے ہی کو رب بنائیں۔‘‘ حضور اکرمؐ نے یہ والا نامہ حضرت دحیہ کلبیؓ کو دے کر قیصر روم کی طرف روانہ فرمایا۔ مکتوب شریف پا کر ہرقل نے دریافت کیا کہ ’’جس ہستی نے نبوت کا اعلان کیا ہے کیا ان کی قوم کا کوئی آدمی یہاں موجود ہے؟‘‘ ابو سفیان جو ابھی اسلام قبول نہیں کئے تھے اور ان کے کچھ ساتھی اس وقت شام میں موجود تھے۔ حضور انورؐ کے متعلق مزید معلومات کے لئے ان سب کو ہرقل کے دربار میں پیش کیا گیا۔آج صبح ۱۰ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم میںاسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ ’۱۴۱۰‘ویں تاریخ اسلام اجلاس کے پہلے سیشن میں سیرت طیبہ کے تسلسل میں ’’فرامین اقدس‘‘ کے ضمن میں ان حقائق کا اظہار کیا گیا۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے نگرانی کی۔ بعدہٗ ۳۰:۱۱ بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ روڈ روبرو معظم جاہی مارکٹ میں منعقدہ دوسرے سیشن میں ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے تحت صحابی رسول مقبولؐ حضرت عقیل بن ابی طالب ؓ  کے احوال شریف پر مبنی حقائق بیان کئے گئے۔ قرا ء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے اجلاس کا آغاز ہوا ۔مولانامفتی سید محمد سیف الدین قادری حاکم حمیدی معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے حلقہ ذکر اللہ و ختم قادریہ پڑھایا۔صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں دعوت حق کے مرحلہ وار اور قوی اثرات پر موثر حقائق بیان کئے۔ پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری، ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا۔بعدہٗ انھوں نے انگلش لکچر سیریز کے ضمن میں حیات طیبہؐ کے مقدس موضوع پراپنا ’۱۱۳۴‘ واں سلسلہ وار، پر مغز اور معلومات آفریں لکچر دیا۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی نے ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے تحت اپنے لکچر میں بتایا کہ خاندان رسالتؐ میں ہر ایک اپنے خصوصی فضائل کی بناء پر منفرد شان رکھتا ہے ان میں حضرت عقیل بن ابی طالبؓ کے لئے رسول اللہ ؐکا یہ ارشاد کہ میں تم سے دوگنا محبت رکھتا ہوں ایک تو محبت قرابت،دوم اس لئے کہ مجھے علم ہے کہ میرے چچا کو تم سے محبت تھی، یہ ارشاد دراصل حضرت عقیلؓ کے لئے نمایاں اعزاز ہے۔اجلاس کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالت پناہیؐ میں حضرت تاج العرفاءؒ کا عرض کردہ سلام پیش کیا گیا۔ ذکر جہری اور دعاے سلامتی پر آئی ہرک کا’۱۴۱۰‘ واں تاریخ اسلام اجلاس اختتام پذیر ہوا۔الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں تعارفی کلمات کہے اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔