رشوت ستانی میں ملوث وقف بورڈ کے ملازمین کو معطل کرنے کی ہدایت

   

وزیر اقلیتی بہبود کا اعلی سطحی اجلاس، اقلیتی بجٹ کی اجرائی کا جائزہ
حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ رشوت ستانی کے معاملے میں ملوث بورڈ کے ملازم کو فوری معطل کیا جائے۔ اقلیتی بہبود کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں جب کے ایشور کو وقف بورڈ کے جونیئر اسسٹنٹ کے خلاف اے سی بی کی کارروائی کی اطلاع دی گئی تو انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ہدایت دی کہ خاطی ملازم کو فوری معطل کریں تاکہ دیگر ملازمین کو سبق حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اے سی بی قانون کارروائی کرے گی جبکہ وقف بورڈ کو تادیبی کارروائی کرنی چاہئے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے اسمبلی میں محکمہ کے مطالبات زر پر مباحث کے پیش نظر بجٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جاریہ سال الاٹ کردہ بجٹ کی تفصیلات حاصل کیں۔ ایشور نے اقامتی اسکولوں اور کالجس کی تعداد اور زیر تعلیم طلبہ کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی فنڈس کے تحت اقامتی اسکولوں کی تعمیر پر توجہ دی جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسکولوں کی تعمیر کے لیے وقف بورڈ سے اراضی حاصل کی جارہی ہے اور ایم ایس ڈی پی کے تحت مرکز نے فنڈس جاری کئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے مساوی حصہ جاری کرتے ہوئے تعمیری کام انجام دے دیا۔ انہوں نے اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تاکہ کل اسمبلی میں پیش کیا جاسکے۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خان، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم، سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ، ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی اور دوسرے موجود تھے۔