رقم کو دگنی کرنے کا جھانسہ، لاکھوں روپئے ہڑپنے والے بیرون ملک کے باشندے گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 25 جولائی (سیاست نیوز) رقم کو دگنی کرنے کا جھانسہ دیکر ایک شہری سے 20 لاکھ روپئے وصول کرنے والے دو بیرون ملک باشندوں کو میاں پور پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ایک تاجر کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 49 سالہ ٹی ای ایل ہڈجی مہاما نے عرف رولن ساکن خواجہ نگر عطاپور متوطن مالی کمیرون کا پاسپورٹ یافتہ اور 62 سالہ ٹی ریڈلوپے عرف اورم ساکن وسنت کنچ نئی دہلی متوطن کمیرون کو گرفتار کرلیا۔ میاں پور پولیس نے بتایا کہ 20 جولائی کو پولیس نے ایک شکایت حاصل کی ان دونوں افراد نے متاثرہ شخص سے رابطہ قائم کیا اور رقم کو دگنی کرنے کی پیشکش کی۔ کیمکل کے ذریعہ رقم کو دگنی بنانے کا یقین دلایا اور ایک مرتبہ اس متاثرہ شخص کا بھروسہ جیتنے کیلئے کمیکل کے تجربہ کا استعمال کرتے ہوئے نمونہ پیش کیا۔ ان دھوکہ بازوں پر یقین کرنے کے بعد اس متاثرہ شخص نے رقم دگنی ہونے کی آس اور لالچ میں 20 لاکھ روپئے ان کے حوالے کیا۔ ایک باکس کو اس متاثرہ شخص کے حوالے کرتے ہوئے اس کو تاکید کی کہ وہ فوری اس باکس کو نہ کھولے جس کے سبب کیمکل کا اثر ختم ہوجائے گا جب متاثرہ شخص ان کی ہدایت کے مطابق باکس کھول کر دیکھا تو اس میں صرف سفید رنگ کے بنڈل تھے۔ پولیس نے شکایت کے بعد تحقیقات کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان دھوکہ باز بیرونی باشندوں کے قبضہ سے 10 لاکھ روپئے رقم نقلی انڈین کرنسی کے نوٹس، نقلی یو ایس ڈالرس و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ع