رمضان اور قرآن،مولانا غوثوی شاہ کا بیان

   

حیدرآباد۔29اپریل (راست) مولانا غوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اللہ نے تمام مہینوں پر رمضان کو فضیلت عطا فرمائی ہے اور اس کی وجہ اِس ماہ میں نزولِ قرآن ہے جو ذاتِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و سلم کے سینۂ مبارک پر نازل ہوا اور آپؐ ہی کے وسیلہ سے ہم کو ملا جس کا ناختم ہونے والا احسان اللہ نے جمیع مومنین پر رکھا جس کے نزول کا واحد مقصد اللہ کو اِلہ ماننا اور محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو رسول ماننا گویا قرآن، کلمۂ طیبہ ہی کی تفسیر کا نام ہے اور احادیث اس کی تشریح ہے ۔ قرآن اپنے پڑھنے والوں سے مخاطب ہے کہ اس کو اِس طرح پڑھو جس طرح اس کو پڑھنے کا حق ہے اَفَلا یتدبّرون القرآن اور تم قرآن میں غور و فکر کیوں نہیں کرتے، کیا تمہارے دِلوں پر قفل پڑگئے ہیں۔ الحاصل قرآن اپنے اندر تدبّر و تفکّر تعلیم اور تعقل کی دعوت دیتا ہے جس کے نتیجہ کے طور پر ایک مسلمان دنیا و دین کو کامیاب طریقے سے حاصل کرسکتا ہے۔ ضرورت ہے کہ ہمارے اندر قرآن خوانی قرآن بینی کے ساتھ ساتھ قرآن دانی کا شعور پیداہو تاکہ ہم کتاب سے صاحبِ کتاب تک جاپہونچیں اِس طرح منشاء قرآن پورا ہو۔