روایتی کاشت کے ساتھ تجارتی فصلیں بھی اُگائیں:کلکٹر

   

کاماریڈی۔6مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹرکاماریڈی آشیش سانگوان نے آج تا ڑوائی منڈل کے اینڈریال گاؤں کے مضافات میں کسان بوکا ہنمانڈلو کی جانب سے ساڑھے تین ایکڑ اراضی پر کی جا رہی آئل پام کی کاشت کا معائنہ کیا اور پودوں کی بڑھوتری، دیکھ بھال اور طریقۂ کاشت کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کسان نے بتایا کہ وہ 2022 سے آئل پام کے ساتھ ساتھ سبزیوں، سویا، پتّے دار سبزیوں اور پھلوں کی بین الفصلی کاشت کر رہے ہیں جس سے سالانہ تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار روپے آمدنی حاصل ہو رہی ہے، جبکہ محکمہ باغبانی کی جانب سے فی ایکڑ چار ہزار دو سو روپے سبسڈی اور ڈرِپ ساز و سامان کی فراہمی سے اخراجات میں کمی اور پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی ٹن قیمت تقریباً تئیس ہزار روپے ہے اور فی ایکڑ 10 تا 12 ٹن پیداوار حاصل ہو رہی ہے جس سے آئل پام ایک منافع بخش فصل کے طور پر ابھر رہی ہے۔ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے اس موقع پر کسانوں کو مشورہ دیا کہ روایتی فصلوں کے ساتھ ساتھ بازاری طلب والی تجارتی فصلیں اور بین الفصلی کاشت اپنا کر اپنی آمدنی میں اضافہ کریں اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سبسڈی اور تکنیکی رہنمائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ بعد ازاں کلکٹر نے اینڈریال گاؤں میں جاری اندرامّا ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات کی تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا اور مستفید خاتون پدمتی کوسلیا کے زیر تعمیر مکان کا دورہ کرتے ہوئے کام کی رفتار اور معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مستفیدین کو ہدایت دی کہ سرکاری سہولت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے مکانات کی تعمیر جلد مکمل کریں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں، جبکہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مسلسل نگرانی کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دیں۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ ہر مستحق خاندان کو پکا مکان فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے اور ریاست کو جھونپڑیوں سے پاک بنا کر ہر خاندان کو باوقار رہائش فراہم کی جائے گی، جس پر مقامی مستفیدین نے مسرت کا اظہار کیا۔