روزگار کے کروڑہا مواقع پیدا کئے، وزیراعظم مودی کا انکشاف؟

,

   

۔2018 میں 11 ملین جابس کھوگئے
سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکنامی کی رپورٹ

احمدآباد ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج قوم کیلئے دلچسپ انکشاف کیا کہ اُن کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال میں تمام شعبوں میں ’’روزگار کے کروڑہا مواقع‘‘ پیدا کرنے میں مدد کی ہے۔ وزیراعظم کے ریمارکس کی اس اعتبار سے اہمیت ہے کہ وہ سنٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکنامی جو ایک آزاد ادارہ ہے، اُس نے حالیہ رپورٹ میں بتایا تھا کہ سال 2018ء میں ملک میں 11 ملین جابس کھوگئے، جس میں دیہی شعبہ بدترین متاثر ہوا۔ مودی نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ ہو کہ مینوفیکچرنگ یا سرویسیس سیکٹر، گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں روزگار کے کروڑہا مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔ وہ احمدآباد شاپنگ فسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ یہ شاپنگ فسٹیول ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی کوشش ہے۔ یہ ایونٹ جو کئی انٹرنیشنل شاپنگ فسٹیولس کے خطوط پر منعقد کیا جارہا ہے، اس میں زائد از 15,000 تاجرین حصہ لے رہے ہیں جو آئندہ 12 دنوں میں گاہکوں کیلئے زبردست ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کریں گے۔ مودی نے حکومت گجرات اور منتظمین سے اس فسٹیول کو سالانہ ایونٹ بنانے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ہم عام طور پر ایسے ایونٹس کا اہتمام صرف بیرونی ممالک میں بڑے بزنس سمٹس کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ کے ساتھ احمدآباد شاپنگ فسٹیول کا اہتمام قابل ستائش سعی ہے۔ مودی نے اس موقع پر کھادی کی جیکٹ خریدی اور اس کیلئے ادائیگی اپنے RuPay ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کی۔ مودی نے کہا، ’’اُن کی حکومت بزنس کیلئے سازگار ماحول پیدا کرتی آئی ہے۔ گزشتہ چار سال میں زائد از 100 قواعد میں نرمی لائی گئی، پرانے قوانین ختم کردیئے گئے اور شفافیت کو ہمارے ورک کلچر کا حصہ بنایا گیا ہے‘‘۔

10% کوٹہ حکومت کے سیاسی حوصلہ کا مظہر
وزیراعظم مودی نے ادعا کیا کہ عام زمرے میں معاشی طور پر کمزورتر افراد کو 10 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے دستوری ترمیم اُن کی حکومت کے سیاسی حوصلہ کے سبب ممکن ہوئی اور یہ اقدام سماجی ہم آہنگی کیلئے نئی راہ کھول دے گا۔ اعلیٰ تعلیم میں غریب طبقہ کیلئے اس کوٹہ پر رواں تعلیمی سال سے عمل آوری ہوگی۔