روسی اور بیلاروسی باکسرز کو مقابلوںمیں شرکت کی اجازت

   

پیرس، 29 اپریل ( یو این آئی) ورلڈ باکسنگ نے روس اور بیلاروس کے باکسرز پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر بین الاقوامی مقابلوں میں بطور غیر جانبدارکھلاڑی شرکت کی اجازت دے دی ہے ۔ ورلڈ باکسنگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اس کا اطلاق تمام عالمی و علاقائی مقابلوں پر ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت نہ صرف باکسرز بلکہ ان کے کوچز، سپورٹ اسٹاف اور آفیشلز کو بھی مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی۔ اگرچہ ان ممالک کے کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت مل گئی ہے ، تاہم ان پر چند سخت شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔ روسی اور بیلاروسی وفود کو اپنے قومی پرچم، یونیفارم یا قومی ترانے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں اور عملے کو ورلڈ باکسنگ کے ایونٹس میں شرکت سے قبل ایک تفصیلی ویٹنگ پراسیس یعنی کڑی جانچ پڑتال کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد تھی۔ ورلڈ باکسنگ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ طریقہ کار ایگزیکٹو بورڈ کے حالیہ اجلاس میں منظورکیا گیا ہے اور یہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی موجودہ پالیسی اور طرز رسائی کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں یہ فیصلہ لیا گیا ۔