روڈسیفٹی اور ٹریفک قوانین پرخصوصی بیداری پروگرام

   

نظام آباد ۔17 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد ٹریفک اے سی پی سید مستان علی کی قیادت میں نظام آباد بائی پاس روڈ پر واقع سری چیتنیا اسکول میں طلبہ کے لیے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق خصوصی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں تقریباً 1200 طلبہ نے شرکت کی اور ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہی حاصل کی۔اس موقع پر اے سی پی مستان علی نے کم عمر بچوں کی جانب سے گاڑیاں چلانے کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات ٹو ویلر گاڑیاں چلاتے وقت ہیلمٹ کے لازمی استعمال، ٹرپل رائیڈنگ کی ممانعت اور نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے سے ہونے والے حادثات اور قانونی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل آوری کے ذریعے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کا بھی تحفظ ممکن ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کم عمری ہی سے ٹریفک اصولوں سے واقفیت حاصل کریں اور ان پر عمل کریں۔ ساتھ ہی والدین سے اپیل کی کہ وہ نابالغ بچوں کو گاڑیاں نہ دیں اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں۔ اے سی پی نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو ٹریفک قوانین کے تئیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے حادثات سے پاک اور محفوظ سماج کے قیام کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔ اس پروگرام میں اسکول کے پرنسپل گروچرن، اساتذہ اور دیگر عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔