میدک۔7 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک حلقہ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت راؤ نے ایک بار پھر اپنی فلاحی خدمات کا عملی ثبوت دیتے ہوئے چھوٹے شنکرم پیٹ منڈل کے کورِوِپلی تانڈا، مانداپور اور پٹی گڈہ تانڈا میں عرصہ دراز سے جاری پینے کے پانی کے مسئلے کو اپنی ذاتی فنڈز MSSO سے بورویلز کی تنصیب کے ذریعے حل کر دیا۔ متعلقہ بورویل اور موٹر سسٹمس کا افتتاح ایم ایل اے کی جانب سے کیا گیا، جس کے بعد مقامی قبائلی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق ان دیہاتوں اور تانڈاؤں میں گزشتہ کئی مہینوں سے پانی کی شدید قلت کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، جبکہ بورویلز خشک ہونے اور پانی کی سپلائی متاثر ہونے سے حالات مزید خراب ہو گئے تھے۔ اس صورتحال پر مقامی عوام نے رکن اسمبلی ڈاکٹر مینم پلی روہت راو کو آگاہ کیا جس پر انہوں نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ذاتی فنڈز سے نئے بورویلز کی منظوری دی اور MSSO کے تحت تنصیب مکمل کروائی۔بورویلز سے پانی کی فراہمی بحال ہونے پر ایم ایل اے نے روایتی طور پر پوجا کر کے افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی عوام نے پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایل اے کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تہنیت پیش کی۔اس پروگرام میں مقامی سرپنچ، عوامی نمائندے، عہدیداران، پارٹی قائدین، کارکنان اور بڑی تعداد میں دیہاتی عوام نے شرکت کی۔