رکن اسمبلی کو دھمکی دینے والے شخص کی گرفتاری کیلئے لک آؤٹ نوٹس

   

حیدرآباد ۔31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کریم نگر پولیس نے چپادنڈی کے رکن اسمبلی ایم ستیم کو دھمکاکر 20 لاکھ روپئے کا مطالبہ کرنے والے شخص کے خلاف لک آؤٹ سرکولر جاری کیا ہے۔ رورل اے سی پی وینکٹ رمنا کے مطابق رکن اسمبلی کو ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ کال 28 ستمبر کو وصول ہوا جس میں انہیں سیاسی طور پر بدنام کرنے اور امیج متاثر کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے 20 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا گیا۔ رکن اسمبلی نے کتہ پلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی جس میں کہا گیا کہ دھمکی دینے والے شخص نے ہلاک کرنے کی وارننگ دی ہے۔ پولیس نے دفعہ 308 اور 351(3)(4) کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ملزم کی 33 سالہ اکھلیش ریڈی ساکن بھوانی نگر ، بوڈ اپل ضلع رنگا ریڈی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ شخص لندن میں تھا اور وہاں سے دھمکی آمیز فون کالس کیا تھا ۔ پولیس نے بیورو آف امیگریشن کے ذریعہ لک آؤٹ نوٹس جاری کی ہے۔ سائبر ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ پولیس نے ملزم کی تفصیلات کے علاوہ پاسپورٹ نمبر حاصل کرلیا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیم کو بوڈ اپل روانہ کرتے ہوئے ارکان خاندان کی تفصیلات حاصل کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم ابھی بھی لندن میں مقیم ہے۔ 1