ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں نے کورونا ٹیکہ لیا

   

حیدرآباد: عوامی نمائندوں کی جانب سے کورونا ٹیکہ حاصل کرتے ہوئے عوام کو ٹیکہ لینے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ریاستی وزراء وی پرشانت ریڈی ، نرنجن ریڈی ، رکن راجیہ سبھا ، جے سنتوش کمار اور رکن قانون ساز کونسل کویتا نے آج نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس پہنچ کر کورونا ٹیکہ حاصل کیا۔ افراد خاندان کے ہمراہ عوامی نمائندوں نے ٹیکہ حاصل کرنے کے بعد عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے نہ صرف خود ٹیکہ حاصل کریں بلکہ اپنے رشتہ داروں کو ترغیب دیں۔ رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کے علاوہ ان کی شریک حیات جے روہنی نے پہلا ٹیکہ حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو موجودہ صورتحال میں ٹیکہ حاصل کرنے میں عجلت کرنی چاہئے ۔ سنتوش کمار نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھا جائے ۔ تقاریب کے موقع پر مدعوئین کی تعداد کو کم کیا جانا چاہئے ۔