ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی آج مکتھل آمد

   

دریائے کرشنا پر تعمیر کا فضائی معائنہ ، مکتھل کوڑنگل لفٹ ایری گیشن کاموں کا جائزہ ، ریاستی وزیر کی پریس کانفرنس

مکتھل ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیراعلیٰ مسٹر ریونت ریڈی کل 4 جون کو اپنے مصروف ترین دورہ پر مکتھل پہونچیں گے اور حیدرآباد ۔ رائچور قومی شاہراہ پر واقع دریائے کرشنا پر زیرتعمیر نئے پُل کے کاموں کا معائنہ کرنے کے علاوہ آبپاشی اور اگریکلچرل شعبہ میں کئے جانے والے کاموں کا جائزہ لیں گے ۔ یہاں موصولہ غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق ریاست کے وزیراعلیٰ مسٹر ریونت ریڈی کی دوپہر دن میں بذریعہ ہیلی کاپٹر مکتھل آمد کے ساتھ ہی کرناٹک اور تلنگانہ سے گذرنے والی دو بڑی دریاؤں کرشنا ۔ بھیما پر بنائے جارہے نئے برج کا فضائی معائنہ کریں گے اور مکتھل میں قدرے توقف کے دوران آئیلن اسکول نارائن پیٹھ روڈ مکتھل میں محکمہ آبپاشی ، اگریکلچرل عہدیداران کے ساتھ اس شعبہ میں کاموں کی پیشرفت کے علاوہ پانچ ہزار کروڑ کی خطیر لاگت سے تعمیر کئے جانے والے مکتھل ، نارائن پیٹھ ، کوڑنگل لفٹ ایری گیشن کاموں کا جائزہ لیں گے۔ ریاستی وزیر حیوانات و مچھلی پالن و اسپورٹس مسٹر واکٹی سری ہری نے چیف منسٹر کے دورۂ کے ضمن میں ضلع کلکٹر سی ایچ پرینکا اور ضلع پریسیڈنٹ پولیس ڈاکٹر ونیتھ کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے صحافیوں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں چیف منسٹر کے دورہ کا شیڈول پیش کیا ۔ ریاستی وزیر مسٹر واکٹی سری ہری نے چیف منسٹر کے دورہ کو اس علاقہ کی مثبت ترقی کی سمت اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہاکہ دریائے کرشنا پر موضع کپور میں 1.8 ٹی ایم سی صلاحیت کا حامل پانی کے ذخیرہ آب کے علاوہ مرار ڈوڈی ، گجنی پلی اور دیوسوگوڑ میں برج کم بیراج کی تعمیر اور نروا منٹل کے جنگم پلی لفٹ ایری گیشن منصوبہ کیلئے 175 کروڑ روپئے کی منظوری اور اس کے تحت 13 مواضعات کے 7500 ایکڑ اراضیات کی سیرابی اور پینے کے پانی کی فراہمی شامل ہے ۔ ریاستی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر کے فضائی معائنہ کے دوران ترنگا کے ساتھ ریاست کے وزیراعلیٰ کا استقبال کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر مکتھل میں آبپاشی کاموں و دیگر ترقیاتی پیاکیج پر مشتمل تصویری نمائش کا معائنہ کریں گے اور اپنے مصروف ترین دورہ کے بعد مکتھل سے ضلع ناگر کرنول کیلئے پرواز کریں گے۔ چیف منسٹر کے اس دورہ میں ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر اُتم کمار ریڈی ، ریاستی وزیر مسٹر جوپلی کرشنا راؤ اور وزیر حیوانات مسٹر سری ہری موجود ہوں گے ۔