ریاستی کابینہ کا کل اجلاس، اہم فیصلے متوقع

   

آر ٹی سی بس روٹس کو خانگیانے ، ریونیو ایکٹ اور دیگر امور کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا
حیدرآباد۔26نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت تلنگانہ ریاست میں ایک اور تاریخ بنا سکتی ہے کیونکہ ریاستی کابینہ کے اجلاس کے متعلق چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق 28 نومبر بروز جمعرات شروع ہونے والا کابینہ کا اجلاس 29 نومبر بروز جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے آرٹی سی روٹس کو خانگیانے کے سلسلہ میں اقدامات کو ہری جھنڈی دکھائے جانے کے بعد منعقد ہونے والے اس کابینہ کے اجلاس کے متعلق کہا جا رہاہے کہ یہ دو دن جاری رہنے کا امکان ہے اور اس اجلاس میں آرٹی سی کے امور کے علاوہ حکومت کی جانب سے دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے اہم فیصلہ کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کی کابینہ نے گذشتہ اجلاس کے دوران آرٹی سی کی 5100 روٹس کو خانگیانے کا فیصلہ کیا تھا جسے عدالت میں چیالنج کیا گیا تھا لیکن اب جبکہ عدالت نے حکومت کو اختیار دیا ہے تو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 28 نومبر کو کابینہ کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اجلاس کے اگلے دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ریاست کی تاریخ میں یہ پہلا کابینہ کا اجلاس ہوگا جو کہ 2 دن جاری رہ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کابینہ کے اجلاس میں جن امور پر تبادلۂ خیال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس میں سب سے اہم آرٹی سی روٹس کو کو خانگیانے کے علاوہ ریونیو ایکٹ اور دیگر امور شامل ہیں۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلی عہدیداروں کے ہمراہ آج جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے آرٹی سی کو خانگیانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات اور کابینہ کی منظوری جن امور میں درکار ہے ان امور کا جائزہ لیا۔