ریاض میں 77واں یوم آزادی ہند کی شاندار تقریب

   

ریاض ( کے این واصف) یوم آزادی ہند تقریب سفارت خانہ ہند میں پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ سفیر ہند برائے سعودی عربی ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے ایمبسی احاطہ میں ترنگا لہراکر تقریب کا افتتاح کیا ۔ پرچم کشائی کے بعد سفیر ہند نے ایمبسی میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی گلپوشی کی اور خراج عقیدت پیش کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے صدر جمہوریہ ہند کا پیام پڑھ کر سنایا ۔ حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر سہیل نے کہا میںامرت مہاکال کے اختتامی مرحلہ پر آپ تمام کو یوم آزادی ہند کے اس پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آپ تمام کا خیرمقدم کرتا ہوں ۔ ریاض میں شدید گرم موسم کے باوجود ایمبسی احاطہ میں ہندوستانی مرد و خواتین کی ایک بڑی تعداد اس تقریب میں شریک تھی ۔ ایمبسی کے وسیع احاطہ میں ایک جشن کا سماں تھا ۔ لوگ سفیر ہند اور نائب سفیر ہند اے ۔ میتھم جارج اور دیگر سفارت کاروں کے ساتھ فوٹوز بنارہے تھے اور ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد دے رہے تھے ۔ مس نیہا اور حنا وغیرہ نے قومی گیت پیش کئے جبکہ مسز ہری پریا نے کلاسیکل ڈانس پیش کیا ۔بچوں نے بھی رقص و نغمہ کے دلچسپ آئٹم پیش کئے ۔مٹھائیوں اور مشروبات سے مہمانوں کا تواضع کی گئی۔