ریونت ریڈی نے چنچل گوڑہ جیل پہنچ کر روی پرکاش سے ملاقات کی

   

حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے چنچل گوڑہ جیل پہنچ کر ٹی وی 9 کے سابق سی ای او روی پرکاش سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یگانگت کیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے روی پرکاش کے خلاف انتقامی کارروائی کی ہے ۔ روی پرکاش کو جھوٹے مقدمہ میں پھانس کر جیل بھیج دیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹی وی 9 کے سی ای او کی حیثیت سے اختیارات کے بیجا استعمال اور رقومات کے خرچ پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ روی پرکاش کو عدالت نے ریمانڈ میں دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ کارپوریٹ شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد صحافیوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ حالیہ عرصہ میں ملک کے مختلف حصوں میں صحافیوں کے قتل اور جھوٹے مقدمات میں پھانسنے کے واقعات پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو بندھوا مزدور تصور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحافی خاموش رہیں تو یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ریونت ریڈی نے پولیس کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے دباؤ میں جھوٹے مقدمات سے گریز کریں کیونکہ اقتدار کسی بھی پارٹی کا مستقل نہیں ہوتا۔