ریونت ریڈی کی ضمانت کیلئے ہائی کورٹ میں درخواست

   

حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو ڈرون کیمرے سے کے ٹی آر کے فارم ہائوز کی فلم بندی کے الزام میں گرفتاری کے بعد کوکٹ پلی عدالت نے ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا۔ اسی دوران ریونت ریڈی کے وکیل نے آج ہائی کورٹ میں ضمانت کیلئے کواشپٹیشن داخل کی۔ انہوں نے اوپر پلی کورٹ میں داخل کی گئی ضمانت کی درخواست کو واپس لے لیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سیاسی مخاصمت کے نتیجہ میں ریونت ریڈی پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس نے ریونت ریڈی کو کوئی نوٹس نہیں دی ۔ ریونت ریڈی کے وکیل نے ایف آئی آر کالعدم کرنے کی عدالت سے درخواست کی۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے سابق رکن پارلیمنٹ کونڈاوشویشور ریڈی کے ہمراہ جنواڑہ میں کے ٹی آر کے فارم ہائوز کا دورہ کرکے میڈیا کے سامنے تفصیلات پیش کی تھیں۔ ریونت ریڈی کے حامیوں نے ڈرون کیمرے سے فلم بندی کی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور ریونت ریڈی سمیت 8 افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ مقامی عدالت نے پانچ افراد کی ضمانت منظور کی جبکہ ریونت ریڈی کی درخواست ضمانت کل نامنظور کردی گئی۔