ریونت ریڈی کی کئی ریاستوں میں مقبولیت میں اضافہ

   

انتخابی مہم کیلئے روانہ کرنے ہائی کمان سے اپیل
حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی اور چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ریونت ریڈی کی دیگر ریاستوں میں مقبولیت اور مانگ میں اضافہ ہوچکا ہے۔ لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے پارٹی ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو 4 ریاستوں میں بطور اسٹار کیمپینر شامل کیا ہے جن میں اُترپردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش شامل ہیں جبکہ دیگر کئی ریاستوں کے کانگریس قائدین ریونت ریڈی کو انتخابی مہم کیلئے روانہ کرنے کی مانگ کررہے ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے اس سلسلہ میں ہائی کمان کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور کرناٹک میں ریونت ریڈی کی بڑھتی مانگ نے ٹاملناڈو، کیرالا، گجرات اور بہار کے قائدین کو بھی مجبور کردیا ہے کہ وہ ہائی کمان کو ریونت ریڈی کی مہم کیلئے درخواست دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے واضح کردیا ہے کہ ریونت ریڈی کو تلنگانہ میں اہم ذمہ داری ہے لہذا وہ زائد ریاستوں میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ہائی کمان کے مطابق 13 مئی کو تلنگانہ میں رائے دہی کے بعد جن ریاستوں میں انتخابات باقی رہیں گے وہاں ریونت ریڈی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ تلگو رائے دہندوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے کرناٹک، مہاراشٹرا اور آندھرا پردیش میں توقع ہے کہ ریونت ریڈی کو اسٹار کیمپینر کے طور پر روانہ کیا جائے گا۔1