مختلف اضلاع سے عوام کی جلسہ عام میں شرکت، گاندھی بھون میں سینئر قائدین کا اجلاس
حیدرآباد : 30 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا چنائو کے لیے کانگریس کی انتخابی مہم کا چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 فروری کو اندرا ولی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر کے دورۂ اندرا ولی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گاندھی بھون میں سینئر قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ ورکنگ پریسیڈینٹ مہیش کمار گوڑ، جگاریڈی، چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی، رکن اسمبلی خانہ پور اے بوجا، سابق وزیر ایم نرسمہلو کے علاوہ عادل آباد اور نظام آباد سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔ اندرا ولی جلسہ عام کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پردیش کانگریس کی صدارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے اندرا ولی کا دورہ کیا تھا۔ لوک سبھا کی انتخابی مہم کا اندرا ولی سے آغاز ہوگا جو تاریخی اعتبار سے اہمیت کی حامل سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطراف کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ رکن اسمبلی خانہ پور نے کہا کہ چیف منسٹر اندرا ولی کی ترقی کے لیے مختلف اسکیمات کا آغاز کریں گے۔ کڈیم پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ سابق وزیر ایم نرسمہلو نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے دوبارہ عوام کے درمیان آنے کے امکانات موہوم ہیں۔ نرسمہلو نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے نام پر اقتدار حاصل کرنے کے بعد کے سی آر خاندان میں تلنگانہ کے وسائل کو لوٹ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش رائو دونوں اپنا تقابل ریونت ریڈی سے نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کے سی آر اور کے ٹی آر کے اثاثہ جات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ 1