ریونت ریڈی کے قافلہ کی کار کو حادثہ ٹل گیا

   

ٹائر پنکچر ہونے سے دھماکہ کی آواز، چیف منسٹر بحفاظت کوڑنگل روانہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کوڑنگل روانگی کے موقع پر قافلہ میں شامل کار کو حادثہ سے سیکوریٹی حکام نے چوکسی اختیار کرلی ۔ چیف منسٹر آج کوڑنگل روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اپنی قیامگاہ پر مقامی پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ملکاجگری لوک سبھا حلقہ کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا ۔ کوڑنگل روانگی کے دوران قافلہ میں شامل ایک کار کا اگلے حصہ کا ٹائر پھٹ پڑا اور دھماکہ جیسی آواز سے علاقہ میں سنسنی دوڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے قافلہ میں شامل لینڈ کروزر کار کا ایک ٹائر دھماکہ کے ساتھ پنکچر ہوگیا اور یہ واقعہ وقار آباد کے قریب منے گوڑہ میں پیش آیا ۔ دھماکہ کی آواز پر سیکوریٹی حکام چوکس ہوگئے اور گاڑیوں سے اتر کر ٹائر پنکچر ہونے کا معائنہ کیا۔ چیف منسٹر کے قافلہ کو روانہ کردیا گیا اور ٹائر کی تبدیلی کے بعد یہ کار کوڑنگل کیلئے روانہ ہوئی۔ ٹائر پنکچر ہونے سے دھماکہ جیسی آواز سے علاقہ میں بھی لوگ جمع ہوگئے تھے لیکن صرف ٹائر پنکچر ہونے کا پتہ چلنے پر سیکوریٹی حکام نے راحت کی سانس لی۔ 1