بنڈی سنجے جاہل شخص،گھٹیا سیاست اب نہیں چلے گی، ہر موڑ پر تعاقب کی دھمکی
حیدرآباد۔/7نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی جے پی قائدین کو وارننگ دی کہ وہ زبان سنبھال کر بات کریں ورنہ تلنگانہ میں اُن کا چلنا پھرنا دوبھر ہوجائیگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کے سی آر بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے اور دیگر قائدین پر سخت برہم تھے۔ انہوں نے ایک مرحلہ پر بنڈی سنجے کو جاہل قرار دیا اور کہا کہ وہ انگریزی سے واقف تک نہیں ہیں۔ بی جے پی قائدین کو حکومت کے خلاف من مانی بیانات پر انتباہ دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ جو کوئی بھی ایسے بیانات دے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کے سی آر نے بنڈی سنجے کو چیالنج کیا کہ وہ خریدی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے مکتوب حاصل کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے انگریزی سے ناواقف ہیں لہذا وہ مرکزی حکومت کے مکتوب کو سمجھ نہیں پائے جس میں دھان کی خریدی سے انکار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے اپنی جہالت کے نتیجہ میں دہلی کی زبان سمجھنے سے قاصر ہیں۔ اب تک میں اس لئے خاموش تھا کیونکہ تلنگانہ نئی ریاست ہے اور ہر شعبہ میں ہمیں ترقی حاصل کرنی ہے۔ اب یہاں سے کسی بھی بے بنیاد بیان بازی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بی جے پی قائدین دراصل تماشہ کررہے ہیں جو تلنگانہ میں نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کا قدم قدم پر تعاقب کیا جائے گا اور ٹی آر ایس ایک طاقتور جماعت ہے اور ہمارا کیڈر بی جے پی قائدین کو بھگانے کی طاقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرنے والے بنڈی سنجے ثبوت پیش کریں اور ہمت ہو تو مقدمہ درج کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو اپنی زبان پر لگام دینا ہوگا اور اسی کام کیلئے میں خود میدان میں آچکا ہوں۔ اب روزانہ مرکزی حکومت اور بی جے پی کا میں اصلی چہرہ عوام میں پیش کروں گا۔چیف منسٹر نے بنڈی سنجے سے مخاطب ہوکر کہا کہ آخر تم انسان ہو یا کچھ اور۔ کریم نگر سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد مرکز سے 10 روپئے کا بھی کام نہیں کراسکے۔ ایک میڈیکل کالج بھی مرکز سے حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بے بنیاد بیان بازی سے گریز کریں اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد ہی اظہار خیال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔ میرے خلاف شخصی بیان بازی کی گئی لیکن میں خاموش رہا۔ اب کسانوں کی آڑ میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے جارہے ہیں۔ بی جے پی کی گھٹیا سیاست اب چلنے والی نہیں۔ عوام کی زندگی سے کھلواڑ کو کے سی آر برداشت نہیں کریں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران کے سی آر نے جب کبھی بی جے پی قائدین اور خاص طور پر بنڈی سنجے کا نام لیا تو اُن پر سخت برہمی اور سخت الفاظ کی بارش کردی۔ر