نئی دہلی، 4 جون (آئی اے این ایس) افغانستان کے خلاف مجوزہ ونڈے بین الاقوامی سیریز سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھکا لگنے کی اطلاعات ہیں، کیونکہ اسٹاربیٹر اور سابق کپتان ویراٹ کوہلی مبینہ طور پر عضلات میں جکڑن کے باعث تین میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق کوہلی تکلیف میں مبتلا ہیں اور اسی وجہ سے وہ افغانستان کے خلاف کھیلی جانے والی ونڈے سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ انہیں یہ زخم کب اور کہاں ہوئی۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ چوٹ31 مئی کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل2026 کے فائنل کے دوران لگی ہوگی۔کوہلی کی عدم دستیابی ہندوستانی ٹیم کے لیے دوہرا نقصان ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ سابق کپتان روہت شرما کی شرکت بھی تاحال غیر یقینی ہے۔ روہت شرما آئی پی ایل 2026 کے دوران زخمی ہوئے تھے اور ان کی فٹنس کے بارے میں حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔ سلیکٹروں نے روہت شرما اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو فٹنس کلیئرنس سے مشروط طور پر اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔ ہاردک پانڈیا ٹیم کے ساتھ ہیں، جبکہ روہت شرما ابھی تک بنگلورو میں ٹیم کیمپ میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی سیریزکا آغاز 13 جون کو دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں ہوگا۔ دوسرا میچ 17 جون کو لکھنؤ کے ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ سیریزکا تیسرا اور آخری مقابلہ 20 جون کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ کوہلی گزشتہ برس ونڈے کرکٹ میں شاندار فارم میںتھے۔ انہوں نے سال بھر میں 651 رنز اسکور کیے تھے، جن میں تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کی عمدہ فارم 2026 میں بھی برقرار رہی اور نیوزی لینڈ کے خلاف صرف تین میچوں میں انہوں نے 240 رنز بنا کر اپنی فام کا ثبوت دیا۔کوہلی کی تکلیف نے آئندہ انگلینڈ کے اہم دورے کے حوالے سے بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جولائی میں انگلینڈ کے خلاف تین ونڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی، جس کا آغاز 14 جولائی کو ہوگا۔ اگر تکلیف سنگین ثابت ہوئی تو اس اہم دورے میں بھی ویرات کوہلی کی شرکت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔انتظامیہ کو کوہلی کی فٹنس کا انتظار ہے ۔