زمین کیلئے ہمیں مارڈالو ، خاتون جے سی بی کے سامنے لیٹ گئی

   

باٹا سنگارم فروٹ مارکٹ پر کسانوں کا احتجاج، سرکاری بلڈوزرس کو پیچھے ہٹنا پڑا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی (سیاست نیوز) ضلع رنگا ریڈی کے ترگانجل میونسپلٹی کے تحت آنے والے کوہڈا گاؤں میں اس وقت شدید کشیدگی اور سنسنی پھیل گئی جب کسانوں بالخصوص خواتین نے اپنی ارا صی کو بچانے کیلئے جے سی بی مشینوں کے سامنے لیٹ کر جان کی بازی لگادی۔ حکومت کی جانب سے باٹا سنگارم فروٹ مارکٹ کی مستقل عمارتوں کی تعمیر کیلئے الاٹ کی گئی 179 ایکر اراضی سروے نمبر 167/1 پر صفائی کا کام شروع کرنے کیلئے عہدیداروں کی ایک ٹیم بھاری پولیس بندوبست اور جے سی بی مشینوں کے ساتھ موقع پر پہنچی۔ انتظامیہ اگلے ایک ہفتہ کے اندر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھں اس فروٹ منڈی کا سنگھ بنیاد رکھوانے کی تیاری کر رہی ہے جس کے تحت کسانوں کی اراضی پر زبردستی قبصہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ جیسے ہی کسانوں کو سرکاری عملہ اور پولیس کی آمد کی اطلاع ملی ، سینکڑوں کسان مرد و خواتین احتجاج کرتے ہوئے موقع پر پہنچ گئے ۔ کسانوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نسل در نسل اس زمین پر کاشت کاری کرتے آرہے ہیں اور یہ ہماری روٹی روزی کا واحد سہارا ہے ۔ احتجاج اس وقت شدید اختیار کر گیا جب خواتین روتی بلکتی ہوئی جے سی بی کے سامنے زمین پر لیٹ گئی ۔ خواتین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہمیں قتل کرو، ہماری نعشوں پر سے جے سی بی چلاؤ اور پھر ہماری زمین چھین لو۔ جیتے جی ہم اپنی مٹی کا ایک ٹکڑا بھی حکومت کے حوالے نہیں کریوں گے ۔ کسانوں کے اس غیر متوقع اور جان لیوا احتجاج پر پولیس اور ریونیو حکام جے سی بی کو لے کر واپس لوٹ گئے ۔ کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنی اراضی کا سودا ہونے نہیں دیں گے۔2