زورِ قلم سے مظلوموں کی مدد کریں، صحافیوں کو مشورہ

   


نرمل میں جمعیۃ العلماء کے زیر اہتمام صحافتی خدمات کے عنوان پر اجلاس، علماء کا خطاب
نرمل ۔ 18 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیۃ العلماء شاخ نرمل کے زیر اہتمام ایک صحافتی اجلاس بعنوان ’’مقاصد و صحافتی خدمات‘‘ بمقام حرا ماڈل ہائی اسکول حرا کالونی نرمل میں منعقد ہوا جس میں بحیثیت مہمان خصوصی مولانا عبدالعلیم قاسمی نے شرکت کی۔ مولانا نے اپنے خطاب میں صحافتی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ العلماء آج ہندوستان میں ایک باوقار تنظیم کہلائی جاتی ہے۔ کئی ایک نازک مسائل پر آواز اٹھاتے ہوئے حکومت کو مسلمانوں کے ہر مسئلہ سے واقف کرواتے ہوئے آج سارے ملک میں مسلمانوں کی ایک امید بن کر ابھری ہے۔ ہر مسئلہ پر رہنمائی کرنا مظلوموں کی مدد اس جماعت کا نصب العین ہے۔ ساتھ میں پیشہ صحافت کی بھی بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے زورِ قلم سے اس ذمہ دار پیشہ کو اور بھی زیادہ طاقت بخش مولانا مفتی الیاس احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی سماج کا ایک اہم حصہ ہوتا ہے۔ اپنے بے باک انداز سے قوم کے مسائل ہمیشہ اُجاگر کرتے ہوئے حکرانوں کو مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔ جمعیۃ العلماء تمام صحافیوں کے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اس پروگرام میں تہنیت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج صحافت کی بہت بڑی اہمیت ہے۔ قلم کی طاقت کیا ہوتی ہے یہ سب جانتے ہیں ہمیں محبت کا سبق بارش سے سیکھنا چاہئے۔ پھولوں کے ساتھ ساتھ کانٹوں پر بھی برستی ہے۔ دنیا جانتی ہے فرائض کے چھوڑنے سے جو عذاب آتے ہیں وہ وظائف کے پڑھنے سے ختم نہیں ہوتے، نیک نیتی اور بے لوث خدمات پر کامیابی خود آگے بڑھ کر انسان کے قدم چومتی ہے۔ اس اجلاس میں جمعیۃ العلماء نرمل کے ذمہ داران میں اظہر حسین، مولانا عابد حسین قاسمی، مولانا مفتی نعمان نجیب قاسمی، حافظ اشفاق حسین جابر، محمد عبدالملک، حافظ شیخ فضیل، احتشام الدین، محمد سلمان، محمد حسان، محمد طارق صحافیوں میں سینئر صحافی وسیم شکیل، افتخار احمد، ایم اے رشید، محمد وصی اللہ فہیم، احمد خاں، محمد عثمان، محمد اسحاق، محمد عبدالعظیم و دیگر صحافیوں کے علاوہ کارکنان جمعیۃ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر جمعیۃ العلماء شاخ نرمل کی جانب سے صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی شال پوشی و یادگار تحفے کی پیشکش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔