ساؤتھ زون میں ایک دن میں 11 افراد سائبر دھوکہ دہی کا شکار

   

ٹیلی گرام ‘ واٹس ایپ کے ذریعہ لنکس پر کلک کرنا مہنگا پڑا ۔ خطیر رقومات سے محرومی
…… ایس ایم بلال ……
حیدرآباد۔/2 مئی، پرانے شہر ساؤتھ زون میں ایک ہی دن میں 11 افراد سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہوئے ہیں جس میں ان کے بینک کھاتوں سے نقد رقومات کا سرقہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق میرچوک پولیس نے میر نوید علی میثم ساکن پرانی حویلی کی شکایت پر آن لائن دھوکہ بازوں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیلی گرام ایپ پر ایک مسیج لنک موصول ہوا جس پر انہوں نے کلک کرنے کے بعد وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے اور جملہ 83 ہزار 9 سو روپئے بینک کھاتہ سے غائب ہوگئے۔ رین بازار پولیس نے بھی شیخ فیروز ساکن امان نگر اے یاقوت پورہ جو پیشہ سے کارپینٹر ہیں کو کوٹک مہیندرا کسٹمر کیئر سے فون کال موصول ہوا اور انہیں کریڈٹ کارڈ کی حد میں اضافہ کا جھانسہ دیا گیا، کسٹمر کیئر ایگزیکیٹو ظاہر کرکے کارڈ کی تفصیلات حاصل کی گئی جس کے بعد ان کے کریڈٹ کارڈ سے 20 ہزار 271روپئے غائب ہوگئے۔ اسی طرح چھاونی نادعلی بیگ کے ساکن محمد عمیر مہدی نے بھی رین بازار پولیس میں شکایت درج کرائی کہ بینک کسٹمر کیئر سرویس ایگزیکیٹو ظاہر کرکے آن لائن دھوکہ بازوں نے ان کے کارڈ کی تفصیلات حاصل کی اور 14252 روپئے نکال لئے گئے۔ اسی قسم کی ایک اور شکایت رین بازار پولیس کو موصول ہوئی جس میں سیدہ درخشاں فاطمہ ساکن یاقوت پورہ نے بتایا کہ ان کے موبائیل فون پر واٹس ایپ مسیج ملا جس میں پارٹ ٹائم ملازمت کیلئے یو ٹیوب پر تین ٹاسک دیئے گئے تھے وہ جیسے ہی واٹس ایپ گروپ میں شامل ہوئے کچھ دیر بعد 3 ہزار روپئے دھوکہ بازوں نے بینک کھاتہ سے نکال لئے۔ ڈگری کالج کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر بھی آن لائن دھوکہ بازوں کا شکار ہوگئی۔ پولیس کے مطابق آن لائن دھوکہ بازوں نے 42 سالہ نازیہ فاطمہ کے سنٹرل بینک کھاتہ سے 38999 روپئے کی رقم ہڑپ لی۔ یہ خاتون بھی ٹیلی گرام پر بھیجے گئے لنک کو کلک کرنے کے بعد دھوکہ دہی کا شکار ہوگئیں۔ رین بازار پولیس حدود میں 30 سالہ خانگی ملازم محمد نور الدین احمد بھی آن لائن دھوکہ بازوں کا شکار ہوگئے اور ٹیلی گرام ایپ پر پارٹ ٹائم جاب کے مسیج کو کلک کرنے کے بعد وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے۔ ظفر روڈ یاقوت پورہ کے ساکن 22 سالہ طالب علم محمد سہیل کو ٹیلی گرام پر ایک مسیج ملا اور وہ بھی اسے کلک کرنے پر دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے اور ان کی 6 ہزار روپئے کی رقم غائب ہوگئی۔ فلک نما پولیس نے بھی طیب بن محمود کی شکایت پر آن لائن دھوکہ بازوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ متاثرہ شخص کی 56 ہزار 539 روپئے کی رقم بینک سے غائب ہوگئی۔ چھتری ناکہ کی ساکن 19 سالہ لڑکی نوشین بانو بھی آن لائن دھوکہ کا شکار ہوگئیں اور ان کے اکاؤنٹ سے 19384 روپئے غائب ہوگئے۔ شکر گنج کی ساکن سیدہ فاطمہ ام ہانی بھی دھوکہ دہی کا شکار ہوئیں اور انہیں او ایل ایکس پر کم قیمت پر گھریلو اشیاء دینے کے بہانے لوٹا اور اکاؤنٹ سے 12500 کی رقم نکال لی ۔ مغلپورہ مراد محل کے ساکن اومیش دوبے بھی آن لائن دھوکہ کا شکار ہوگئے اور ان کے 44600 روپئے لوٹ لئے گئے ۔ مختلف گوشوں سے شعور بیداری کے باوجود تعلیم یافتہ افراد بھی سائبر دھوکہ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔