سنگاریڈی 6 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست میں عوام کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے پورے ماہِ اگست کے دوران “سرکشا کا ترنگا – سائبر سوتنتر تلنگانہ” کے عنوان سے ریاست گیر سائبر بیداری مہم چلائی جا رہی ہے۔ یہ بات ضلع سنگاریڈی کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چیتنیہ ریڈی آئی پی ایس نے سنگاریڈی کے سینٹ انتھونی ڈگری کالج میں منعقدہ قومی سائبر بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ایڈیشنل ایس پی نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں سائبر جرائم ایک سنگین چیلنج بن چکے ہیں اور افسوسناک بات یہ ہے کہ ان جرائم کا شکار ہونے والوں میں تعلیم یافتہ افراد کی تعداد بھی کافی زیادہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران سائبر دھوکہ دہی کے باعث عوام کو تقریباً 1300 کروڑ روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی شخص سائبر فراڈ کا شکار ہو جائے تو فوری طور پر 1930 ہیلپ لائن پر رابطہ کرے یا www.cybercrime.gov.in پر شکایت درج کرے، تاکہ مالی نقصان کو بروقت روکا جا سکے۔اس پروگرام میں ڈاکٹر سالمن ریڈی (چیئرمین، سینٹ انتھونی تعلیمی ادارے)، وجئے کمار ریڈی (ڈائریکٹر)، سنگاریڈی ڈی ایس پی ستیہ گوڑ، ٹاؤن انسپکٹر رامو نائیڈو، سائبر سیل کے عہدے دار ، کالج کے اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔