سابقہ ڈی جی پی کے گارڈن سے بونسائی پودا سرقہ کرنے والا گرفتار ، پودا ضبط

   


حیدرآباد: جوبلی ہلز کی ڈیٹکٹیو پولیس نے سابقہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے گارڈن سے سرقہ ہونے والے بونسائی پودے کا پتہ چلاتے ہوئے سارق کو گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس بنجارہ ہلز ایم سدرشن نے کہا کہ 10 جنوری کو جوبلی ہلز روڈ نمبر 18 میں واقع ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار وی اپا راؤ کے مکان کے گارڈن سے قیمتی بونسائی پودے کا سرقہ ہوگیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں سرقہ کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کرنے پر ایک سارق کی نشاندہی کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ جی پرسننا انجنیلو جو پیشہ سے مستری اور یوسف گوڑہ کا ساکن ہے ، نے اپنے ساتھی ابھیشک کی مدد سے 10 جنوری کو ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار کے گارڈن سے 15 سالہ قدیم بونسائی پودے کا سرقہ کر کے اسے اپنی موٹر سیکل پر دوسرے مقام منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس قیمتی پودے کو خواہشمند افراد کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ، جسے پولیس نے ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ بونسائی پودہ برآمد کرلیا ۔