سابق امیر جماعت اسلامی ہند مولانا محمد سراج الحسن کا انتقال

   

آبائی شہر رائچور میں آج تدفین عمل میں آئیگی، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کا خراج
حیدرآباد۔2 اپریل (سیاست نیوز) مولانا محمد سراج الحسن سابق امیر جماعت اسلامی ہند کا طویل علالت کے بعد آج رائچور میں انتقال ہوگیا۔ مولانا سراج الحسن کی عمر تقریباً 87 برس تھی اور انہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ دعوت اسلامی کی سرگرمیوں میں وقف کردیا تھا۔ مولانا کی نماز جنازہ اور تدفین کل 3 اپریل کو بعد نماز جمعہ 2-30 بجے دن بمقام بڈی بابا قبرستان متصل مسجد منیر رائچور میں عمل میں آئیگی۔ امیر مقامی رائچور محمد عاصم الدین اختر نے بتایا کہ موجودہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر عوام نماز جنازہ و تدفین میں شرکت کی کوشش نہ کریں ۔ ملک بھر میں لاک ڈائون کے سبب انتظامیہ محدود افراد کو نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی اجازت دے رہا ہے۔ مولانا محمد سراج الحسن کا شمار جماعت اسلامی کے متحرک و مقبول قائدین میں ہوتا تھا جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلم دانشوروں میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ مولانا سراج الحسن 14 برس تک امیر اجماعت اسلامی ہند رہے۔ امیر حلقہ کرناٹک کی حیثیت سے دعوت اسلامی کے تعارف اور تحریکی کاموں کی توسیع کا کام انجام دیا۔ 1981ء میں حیدرآباد میں منعقدہ کل ہند اجتماع میں وہ معاون ناظم رہے۔ بعد میں 3 میقاتوں میں متواتر امیر جماعت اسلامی ہند کی ذمہ داری نبھائی۔ دوران امارت مولانا سراج الحسن نے ہندو۔مسلم میل ملاپ اور فرقہ وارانہ بھائی چارہ کیلئے خدمات انجام دیں۔ مولانا سراج الحسن متقی، پرہیزگار، تہجد گزار، عاجزی و انکساری کا پیکر تھے۔ مولانا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تاسیسی رکن تھے اور نائب صدر مسلم پرسنل لا بورڈ بھی رہے۔ ایس آئی او کے قیام میں اہم رول ادا کیا۔ اسی دوران ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے مولانا سراج الحسن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ہمیشہ مسلمانوں میں دینی و اسلامی شعور بیدار کرنے فکرمند رہتے۔ جب کبھی مجھ سے ملاقات ہوئی انہوں نے غیر معمولی محبت اور شفقت کا اظہار کیا اور ملت کے حالات بدلنے میں اپنی گہری فکر کو پیش کیا۔ مولانا سراج الحسن ملک کے موجودہ حالات میں غیر مسلموں تک اسلام کا پیام عام کرتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داروں اور مولانا کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔