راج بھون میں مسلح افواج فلیگ ڈے فنڈ کمیٹی کا اجلاس، گورنر جشنو دیو ورما کا خطاب
حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے مسلح فورسیس فلیگ ڈے فنڈ تلنگانہ اسٹیٹ کی منیجنگ کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں روی گپتا آئی پی ایس اسپیشل چیف سکریٹری ہوم، کے رام کرشنا راؤ آئی اے ایس اسپیشل چیف سکریٹری فینانس، کے سریندر موہن آئی اے ایس سکریٹری مائنس، میجر جنرل راکیش منوچا جنرل آفیسر کمانڈنگ ہیڈ کوارٹر تلنگانہ و آندھرا پردیش سب ایریا، اے کے دھر رکن کیندریہ سینک بورڈ حکومت ہند، لیفٹننٹ کرنل بھرت یادو نمائندہ ایکس سرویس مین ویلفیر، میجر جنرل این سرینواس راؤ ریٹائرڈ ، بریگیڈیر پی گنیشم، میجر بھرت آنگی ریڈی، انودیپ درشٹی کلکٹر حیدرآباد، کرنل ٹی رمیش کمار اور جئے بھوانی شنکر جائنٹ سکریٹری برائے گورنر نے شرکت کی۔ کرنل پی رمیش کمار ڈائرکٹر سینک ویلفیر بورڈ اور سکریٹری فلیگ ڈے فنڈ تلنگانہ نے ریاستی سطح پر مختلف اسکیمات اور سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ ملازمین کے علاوہ کلاس فورتھ ایمپلائز، ڈرائیورس، ٹیچرس اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ملازمین کی جانب سے ہر سال فلیگ ڈے فنڈ میں فراخدلانہ عطیات دیئے جاتے ہیں۔ کمیٹی نے ایکس سرویس مین کی بیواؤں کیلئے 2 لاکھ روپئے امداد کو منظوری دی ہے۔ دو بچوں کی حامل بیواہ کو 3 لاکھ روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا۔ غیر شادی شدہ فوجیوں کے والدین کو 3 لاکھ روپئے کی امداد اور شادی شدہ فوجیوں کی شریک حیات کو 3 لاکھ روپئے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈیوٹی پر فوت ہونے والے سپاہیوں کے پسماندگان کو یہ امداد دی جائے گی۔ ایکس سرویس مین کی لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد کو 40 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایکس سرویس مین کے بچوں کی تعلیمی امداد کیلئے بھی کئی فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر گورنر نے ایکس سرویس مین کے پریشان حال خاندانوں کی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے اس سلسلہ میں ملک کیلئے مثال قائم کی ہے۔1