سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی آسام چیف منسٹر کیلئے بی جے پی امیدوار ہوسکتے ہیں: ترون گوگوئی کا دعوی

,

   

گوہاٹی (آسام): سابق چیف منسٹر آسام و سینئر کانگریس لیڈر ترون گوگوئی نے دعوی کیا ہے کہ سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی آئندہ سال اسمبلی انتخابات میں ریاست آسام کے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے بی جے پی کے امیدوار ہوسکتے ہیں۔ تاہم بی جے پی نے ترون گوگوئی کے اس دعوی کو مسترد کردیا۔

کانگریسی لیڈر ترون گوگوئی نے کہا کہ میں نے مختلف ذرائع سے سنا ہے کہ چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے بی جے پی کے امیدواروں کی فہرست میں رنجن گوگوئی کا نام بھی شامل ہے۔ میرا خیال ہے کہ وہ بی جے پی کے چیف منسٹر کے عہدہ کے امیدوار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنجن گوگوئی جب راجیہ سبھا جاسکتے ہیں تو وہ چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے بھی امیدوار نامزد کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سابق چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی سے بہت خوش ہیں، کیونکہ انہوں نے رام مندر کیس کا فیصلہ سنایا ہے۔

راجیہ سبھا رکنیت کو قبول کرتے ہوئے اب وہ بتدریج سیاست میں آنا چاہتے ہیں۔ اگر انہیں سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں ہے تو وہ راجیہ سبھا کی رکنیت مسترد کیوں نہیں کردیتے۔؟ یہ سیاست میں قدم رکھنے کا اشارہ ہے جس کی وجہ سے انہوں نے راجیہ سبھا کی رکنیت قبول کرلی ہے۔