سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے جے ڈی یو میں شامل

,

   

چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے رکنیت کا حلف دلایا
پٹنہ: بہار کے سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے آج آخر کار جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کی رکنیت حاصل کرلی۔ پٹنہ واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر نتیش کمار نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ بہار اسمبلی انتخابات الیکشن سے پہلے نوکری سے وی آر ایس لینے والے گپتیشور پانڈے کے گزشتہ کئی دنوں سے جے ڈی یو میں شامل ہونے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی۔ وہیں، سیاسی گلیارں میں یہ بھی چرچا تھی کہ وہ بی جے پی میں بھی جاسکتے ہیں، لیکن آج جب انہوں نے باضابطہ طور پر جے ڈی یو کی رکنیت لی، تو قیاس آررائیاں ختم ہوگئیں۔سابق ڈی جی پی گپتیشور پانڈے کے سیاست میں آنے کی قیاس آرائی کافی دنوں سے کی جارہی تھی۔ اس قیاس سے پردہ ہفتہ کے روز اس وقت ہٹ گیا تھا، جب وہ اچانک وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملنے پٹنہ واقع جے ڈی یو کے دفتر میں چلے گئے تھے۔ اس کے بعد سے ہی گپتیشور پانڈے کے جے ڈی یو میں جانے کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئی تھیں۔ حالانکہ اس وقت یہ طے نہیں ہوا تھا کہ وہ کس دن جے ڈی یو میں شامل ہوں گے۔ میڈیا کی قیاس آرائیوں کو لے کر تب سابق ڈی جی پی نے ایسی کسی بات سے انکار کیا۔نتیش کمار سے ملاقات کے بعد گپتیشور پانڈے کے لوک سبھا ضمنی انتخابات لڑنے کی بھی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں۔ اس کو لے کر بھی گپتیشور پانڈے نے کسی طرح کے امکانات سے انکار کیا تھا۔ گپتیشور پانڈے نے کہا تھا کہ الیکشن لڑنے کو لے کر انہوں نے فی الحال کوئی حکمت عملی نہیں بنائی ہے۔