سالوں کے ہاتھوں بہنوئی اور اس کے بھائی کا قتل، بہن کو ہراساں کرنے پر انتقام

   

حیدرآباد۔ 11 مارچ (سیاست نیوز) بیوی کے بھائیوں کے حملہ میں شوہر اور اس کا بھائی ہلاک ہوگئے۔ سائبر آباد کے علاقہ جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں یہ واردات کل رات پیش آئی جہاں 32 سالہ وینکٹیش اور اس کا بھائی 25 سالہ پوتوراجو ہلاک ہوگئے۔ ان دو بھائیوں پر وینکٹیش کے سالوں نے حملہ کیا۔ جب وہ شراب نوشی کے بعد واپس ہو رہے تھے۔ پولیس کے مطابق وینکٹیش کی شادی حملہ آور ونئے اور مدھو جو حقیقی بھائی ہیں کی بہن ریکھا سے 7 سال قبل ہوئی تھی جن کے 2 بچے ہیں۔ وینکٹیش پیشہ سے پینٹر تھا جو سبھاش نگر جیڈی میٹلہ علاقہ میں رہتا تھا۔ اکثر میاں بیوی میں بحث و تکرار اور جھگڑے ہوا کرتے تھے۔ کل بحث و تکرار کے بعد وینکٹیش نے اس کی بیوی ریکھا کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور گھر سے چلا گیا۔ اس کے مکان کے قریب اس کے والدین کا مکان ہے۔ شوہر کے گھرسے چلے جانے کے بعد ریکھا نے اس کے بھائیوں ونئے اور مدھو کو فون پر ساری تفصیلات بتائی اور مارپیٹ و ہراسانی کا ذکر کیا۔ پولیس کے مطابق وینکٹیش اپنے والدین کے مکان پہنچنے کے بعد چھوٹے بھائی پوتوراجو اور بہنوئی کرشنا کے ہمراہ مئے نوشی کے لئے چلا گیا۔ واپسی کے دوران مدھو اور ونئے نے چاقووں سے وینکٹیش پر حملہ کردیا۔ بھائی کو بچانے کے دوران پوتوراجو شدید زخمی ہونے کے سبب برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ وینکٹیش علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس جیڈی میٹلہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع