سباستیان پارلیمانی حزب کے سربراہ

   

ویانا : آسٹریا میں چند روز قبل مستعفی ہو جانے والے وفاقی چانسلر سباستیان کْرس کو ویانا میں نیشنل کونسل کہلانے والے پارلیمانی ایوان میں قدامت پسند آسٹرین پیپلز پارٹی کے حزب کا نیا سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان کی جماعت کی طرف سے کیے گئے اعلان کے مطابق پینتیس سالہ کْرس کو اس پارٹی نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے متفقہ رائے سے منتخب کیا۔ وہ جمعرات کو رکن پارلیمان کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ کْرس آسٹرین چانسلر کے عہدے سے اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کی چھان بین کے اعلان کے بعد گزشتہ ہفتے کے روز مستعفی ہو گئے تھے۔ وہ اپنے خلاف الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کی جگہ کل پیر کے روز آلیکسانڈر شالن برگ نے نئے آسٹرین چانسلر کے طور پر حلف اٹھا لیا تھا۔