نظام آباد ۔21 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام آباد میں اتوار کو سخت حفاظتی اور انتظامی اقدامات کے درمیان نیٹ (NEET) امتحان پرامن اور منظم انداز میں منعقد کیا گیا۔ ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے شہر کے گِری راج گورنمنٹ ڈگری کالج میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے امتحان کے انتظامات اور ضوابط کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کلکٹر کے مطابق ضلع میں نیٹ امتحان کے لیے رجسٹرڈ 3459 امیدواروں میں سے 2994 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جبکہ 465 امیدوار غیر حاضر رہے، اس طرح حاضری کا تناسب 86.55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پیشگی وسیع پیمانے پر کیے گئے انتظامات کے باعث امتحان کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا انتظامی خلل کے بغیر کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ پولیس کی سخت نگرانی میں سوالیہ پرچے اور دیگر امتحانی مواد مراکز تک پہنچایا گیا ۔